سعودی عرب کی حکومت نے وزارت صحت کی طرف سے وضع کردہ طریقہ کار کی روشنی میں مسجد نبوی میں نماز کی ادائی کی اجازت دے دی ہے۔ کل اتوار سے مسجد نبوی میں نمازیوں کی آمد ورفت شروع ہوئی۔
سعودی عرب کی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مسجد نبوی میں سماجی فاصلہ برقرار رکھیں۔ چہروں کو ماسک سے ڈھانیں اور نمازکے لیے مسجد میں آنے سے قبل گھر سے وضو کریں اور جائے نماز ساتھ لائیں۔
مسجد نبوی کے امور کےترجمان جمعان العسیری نے ایک بیان میں کہا کہ نمازیوں کی صحت اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ کی طرف سے سخت حفاظتی اقدامات کے احکامات جاری کیے ہیں۔ مسجد نبوی میں صرف چالیس فی صد نمازیوں کی حاضری کی اجازت ہے اور زیادہ رش سے سختی کےساتھ بچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ سعودی عرب میں مارچ میں کرونا کی وبا کے پیش نظر مسجد نبوی اور مسجد حرام سمیت تمام مساجد کو اجتماعی عبادت کے لیے بند کردیا گیا تھا۔