قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس اور مغربی کنارے کے شہروں میں آج سوموار کے روز گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران بچوں اور سابق اسیران سمیت متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔
مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ قابض فوج نے غرب اردن میں تلاشی کی کارروائی کے دوران طولکرم شہر میں اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے رہ نما ایاد ناصر کو خود کو حکام کے حوالے کرنے کا نوٹس جاری کیا۔
خیال رہے کہ ایاد ناصر کئی ہفتے تک فلسطینی اتھارٹی کی جیلوں میں قید رہے ہیں۔
ادھر طولکرم میں اسرائیلی فوج نے گھر گھر تلاشی کے دوران عبداللہ مصطفیٰ ابو شاش، محمد سلیم حنون اور قفین سےنضال عرفات کو گرفتار کیا۔
الخلیل شہر میں تلاشی کے دوران انٹرمیڈیٹ کے ایک طالب علم امین عماد الصلیبی، بیت امر سے خلیل ایاد زعاقیق، فاکرشریف ابو راس اور دورا سے سابق اسیر احمد سلامہ ابوراس کو حراست میں لے لیا۔
رام اللہ میں تلاشی کے دوران اسرائیلی فوج نے الجلزون کیمپ سے چار بچوں راسم سلیمان، عمرو ابو قرع اور دیگر کو حراست میں لے لیا۔
غرب اردن کے شمالی شہر نابلس اور القدس سے بھی متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔