فلسطینی اسلامی اوقاف کی طرف سے جاری کردہ اعلان کے مطابق مسجد اقصیٰ کو 31 مئی بہ روز اتوار کھولنے سے قبل مسجد کی صفائی اور ضروری مرمت کا کام جاری ہے۔
خیال رہے کہ فلسطینی وزارت اوقاف نے اکتیس مئی کو مسجد اقصیٰ کو نماز کے لیے کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ گذشتہ اڑھائی ماہ سے مسجد اقصی کرونا کی وبا کی وجہ سے عبادت اور نماز کے لیے بند رہی ہے۔
اسلامی اوقاف کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مسجد اقصیٰ میں نمازیوں کی آمد سے قبل مقدس مقام کی صفائی اور سینیائزنگ کا عمل جاری ہے۔
اس کے علاوہ مسجد اقصیٰ میں نمازیوں کے در میان سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے لیے نشانات بھی لگائے جا رہےہیں۔
گذشتہ روز مسجد اقصیٰ کے ڈائریکٹر الشیخ عمر الکسوانی نے کہا تھا کہ مسجد اقصیٰ کو اتوار کے روز نماز کے لیے کھولا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسجد کو کھولنے سے قبل اس کی صفائی کاکام جاری ہے۔ مسجد اقصیٰ میں شہریوں کے کرونا سے بچائو کے لیے حفاظتی انتظامات کو بھی یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔