اسلامی جمہوریہ ایران کے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ ارض فلسطین کے مالک صرف فلسطینی ہیں۔ فلسطین کے ایک ایک انچ پر فلسطینی قوم کی ملکیت اور حکومت ہوگی۔ فلسطینیوں کو اپنی منشا کے مطابق پورے فلسطین پر اپنی حکومت قائم کرنے کا حق ملنا چاہیے۔ صہیونی ریاست کا فلسطین کی سرزمین پر کوئی مستقبل نہیں۔
عالمی یوم القدس کےموقعے پر اپنے پیغام میں ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ فلسطینی قوم کے دکھوں اور پریشانیوں کےاصل ذمہ دار مغربی ممالک ہیں۔ مغربی ممالک کی شیطانی چالوں نے فلسطینی قوم کو ان کے حقوق سے محروم کیا۔ انہوں نے قضیہ فلسطین کو سرد خانے میں ڈالنے کی تمام ترصہیونی سازشوں کو بری طرح ناکام بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی اسلامی انقلاب کے بانی آیت اللہ کا فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے عالمی یوم القدس کا اعلان ان کی ذہانت کا نتیجہ تھا۔ یہ اعلان فلسطینیوں، عالم اسلام اور مظلوم اقوام کی طرف سے کی جانےوالی اپیلوں کا نتیجہ تھا۔
آیت اللہ علی خامنہ کا کہنا تھا کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت قضیہ فلسطین کو سرد خانےمیں ڈالا جا رہا ہے۔ مغرب کے ایجنٹ ثقافتی اور ابلاغی اداروں کو اسرائیل کےساتھ دوستانہ تعلقات کے قیام کے لیے استعمال کررہے ہیں۔