فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں بیرون ملک سے آئے چھ فلسطینیوں میں کرونا کی تصدیق کی گئی ہے۔ نئے مصدقہ مریضوں کو مصر سے واپسی پر قائم کردہ ایک کرونا آئیسولیشن مرکز منتقل کردیا گیا تھا۔ بیرون ملک سے آنے والے ان افرادکی تعداد ڈیڑھ ہزار کے قریب ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں کرونا کے مزید چھ مریضوں کی تصدیق کے بعد غزہ میں مریضوں کی تعداد25 ہوگئی ہے۔
وزارت صحت کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں مارچ سےاب تک 55 فلسطینی کرونا کا شکار ہوئے۔ ان میں سے 16 صحت یاب ہوگئے ہیں جب کہ 39 بیمار ہیں مگران کی زندگی خطرے سے باہر ہے۔
غزہ کی پٹی میں سیکرٹری صحت یوسف ابو الریش نے بتایا کہ بیرون ملک سے آنے والے ان کرونا مریضوں کے دوسرے لوگوں کے ساتھ میل جول کی چھان بین جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکام اس بات کی جانچ کررہے ہیں کرونا کے نئے مریضوں نے آئیسولیشن مراکز سے باہر کس کس سے ملاقات کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی میں مزید مریض سامنے آنے کے بعد کرفیو لگایا جاسکتا ہے۔
ادھر غزہ کی پٹی میں اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے رہ نما اور رکن پارلیمنٹ خلیل الحیہ نے کہا ہے کہ غزہ میں کرونا کے مزید مریض سامنے آنے کے بعد پوری ذمہ داری کے ساتھ کرفیو لگانے پرغور کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کل ہفتے سے غزہ کی پٹی کی تمام گذرگاہیں جون کے آخر تک بند کردی جائیں گی۔