فلسطینی وزارت صحت کے مطابق بیت المقدس میں الثوری کالونی میں کرونا کے مزید 6 مریض سامنے آئے ہیں جب کہ پانچ مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی خاتون وزیر صحت می کیلہ کا کہنا ہے کہ القدس میں الثوری کالونی میں چند روز قبل کرونا شکار ہونے والی ایک خاتون سے میل جول رکھنے والے مزید چھ افراد اس وبا کا شکار ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا کے مزید پانچ مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔ صحت یاب ہونے والوں میں سے چار القدس اور ایک رام اللہ گورنری سے تعلق رکھتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تمام مریض اس وقت آئسولیشن مراکز منتقل کردیے گئے ہیں اور ان ک وزارت صحت کے زیراہتمام علاج جاری ہے۔
فلسطینی خاتون وزیر صحت کا کہنا تھا کہ فلسطینی علاقوں میں کرونا کے اب تک 554 مریض سامنے آئے ہیں۔ ان میں سے 119 اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔ ان میں سے 61 کا تعلق القدس سے ہے۔52 مریض غرب اردن کے علاقوں اور چھ غزہ کی پٹی سے تعلق رکھتے ہیں۔