فلسطین کی بیشتر بڑی جماعتوں نے رام اللہ میں فلسطینی اتھارٹی کی دعوت پر آئندہ ہفتے کو طلب کیے گئے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ نے کہا ہے کہ جماعت کو فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے رام اللہ اتھارٹی کے کسی اجلاس میں شرکت کی باقاعدہ دعوت نہیں دی گئی۔ جماعت کا کوئی رہ نما رام اللہ میں ہونے والے اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا۔
حماس کاکہنا ہے کہ اسرائیلی ریاست کے جرائم کا مقابلہ کرنے کے لیے فلسطینی اتھارٹی کا طریقہ کار غلط ہے اور فلسطینی اتھارٹی قوم کی انکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کررہی ہے۔ اسرائیلی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے فلسطینی اتھارٹی نے بہت قیمتی وقت ضائع کردیا۔
خیال رہے کہ فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے آئندہ ہفتے تمام فلسطینی جماعتوں پر مشتمل ایک آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان کیا ہے۔ اس کانفرنس میں غرب اردن کے بعض علاقوں پر اسرائیلی ریاست کی خود مختاری ار کرونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورت حال پرآئندہ کا متفقہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
درایں اثنا اسلامی جہاد نے بھی رام اللہ اتھارٹی کی طرف سے کل جماعتی کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اسلامی جہاد کا کہنا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی اسرائیلی ریاست کے جرائم کی روک تھام کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں میں غیر سنجیدہ ہے۔ اسلامی جہاد کا کوئی رہ نما رام اللہ میں ہونے والے اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا۔