جمعه 15/نوامبر/2024

علماء نے اسرائیل دوستی کے علمبردار ٹی وی ڈرامےدیکھنا حرام قرار دیا

بدھ 13-مئی-2020

فلسطین کی سپریم علماء کونسل نے عرب ٹی وی چینلوں پر اسرائیل سے دوستانہ تعلقات استوار کرنے کی ترغیب دینے والے ڈرامے اور فلمیں دیکھنا شرعا حرام قرار دیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی علماء کونسل کی طرف سے منگل کے روز جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ماہ صیام کے موقعے پر اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کی ترغیبات دینے والے ٹی وی ڈرامے چلانا شرمناک ہے۔ علماء نے ان فلموں اور ٹی وی ڈراموں کو دیکھنے سے منع کرتے ہوئے ان کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا ہے۔

غزہ میں فلسطینی علماء نےایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران فلسطینی علماء کونسل کے چیئرمین مروان ابو راس نے کہا کہ ایسے ٹی وی ڈرامے جن میں اسرائیل کے ساتھ دوستی کی بات کی گئی ہو  مسلمان اور عرب ممالک کے ٹی وی چینلوں پرنشر کرنا شرمناک ہے۔ اس طرح کی مہمات کے پس پردہ صہیونی لابی ہے اور وہ عرب اور مسلمان ممالک کے ذرائع ابلاغ کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عرب ممالک کے ٹی وی چینلوں پر اسرائیل کے ساتھ دوستی پرمبنی ڈرامے نشر کرنا جرم اور انہیں دیکھنا شرعا حرام ہے۔ ان ٹی وی ڈراموں اور فلموں میں نہ صرف اسلامی تاریخ کومسخ کیا گیا بلکہ عرب ممالک کے اصولوں اور روایات کی بھی توہین کی جا رہی ہے۔ بدقسمتی سے ان ڈراموں کے پیچھے حکومتی ادارے اور شخصیات سرگرم ہیں جو اسرائیل کے ساتھ عرب ممالک کی دوستی کی راہ ہموار کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ سعودی عرب کے ‘ایم بی سی’ ٹی وی چینل پر ‘ایگزٹ7’ اور ‘ام ھارون’ نامی دو ٹی وی ڈرامے نشر کیے جا رہے ہیں۔ یہ ٹی وی ڈرامے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے بہ یک وقت نشر کیے جاتے ہیں۔

ان ٹی وی ڈراموں میں عرب ممالک کے اسرائیل کےساتھ دوستانہ تعلقات کے قیام کی ترغیب دی گئی ہے۔

مختصر لنک:

کاپی