فلسطینی اوقاف کونسل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے احتیاطی تدابیر کے تحت مسجد اقصیٰ میں با جماعت نماز کی ادائی پر پابندی برقرار رہے گی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی اوقاف کونسل کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہےکہ کرونا وائرس کی وجہ سے مسجد اقصیٰ میں با جماعت نمازوں اور عبادت پر عاید کی گئی پابندی میں غیرمعینہ مدت کے لیے توسیع کردی گئی ہے تاکہ نمازیوں کے میل جول سے کرونا کے بڑھتے خطرات کا تدارک کیا جاسکے۔
فلسطینی اوقاف کونسل کا کہنا ہے کہ مسجد اقصیٰ مکمل طورپر بند نہیں۔ اس میں وہاں تمام نمازوں کی باقاعدگی کے ساتھ اذان دی جاتی ہے اور انفرادی شکل میں تراویح سمیت دوسری نمازیں بھی ادا کی جاتی ہیں تاہم عوام الناس کو احتیاطی تدابیر کے تحت مسجد میں جانے سے روکا گیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مسجد اقصیٰ کے منتظمین اور اوقاف کے ذمہ دار مسجد میں موجود رہتے ہیں اور وہ نمازیں بھی وہاں ادا کرتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہےکہ مسجد اقصیٰ کسی خاص مذہبی طبقے یا اوقاف کی انتظامیہ کےلیے نہیں بلکہ اس کا دفاع تمام فلسطینیوں کی قومی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔