چهارشنبه 30/آوریل/2025

‘امریکی سفیر کے الفاظ کے ہیرپھیر سے فلسطینیوں سے نفرت نہیں چھپ سکتی’

ہفتہ 9-مئی-2020

فلسطینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اسرائیل میں متعین امریکی سفیر ڈیوڈ فریڈمین کے الفاظ کے ہیر پھیر سے امرکی انتظامیہ کی فلسطینیوں سے نفرت اور دشمن نہیں چھپ سکتی۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق رام اللہ میں وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں امریکی سفیر ڈیوڈ فریڈ مین کے الخلیل شہر سے متعلق ایک بیان کی شدید مذمت کی ہے۔

خیال رہے کہ دو روز قبل اسرائیل میں متعین امریکی سفیر ڈیوڈ فریڈمین نے کہا تھا کہ اسرائیل کو الخلیل شہر میں یہودی آباد کاری کی سرگرمیوں کا حق حاصل ہے۔

فلسطینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی سفیر کے الفاظ ہی فلسطینیوں کے خلاف نفرت کے اظہار کے لیے کافی ہیں۔ الفاظ کے ہیر پھیر سے امریکا فلسطینیوں سے اپنی دشمنی پر پردہ نہیں ڈال سکتا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی سفیر کا الخلیل سے متعلق متنازع بیان اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکا کھلے عام فلسطینی قوم کے حقوق کے ساتھ کھلواڑ کرتے ہوئے بین الاقوامی قوانین اور عالمی اصولوں کی بھی دھجیاں اڑا رہا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی سفیر کا بیان اسرائیل کے انتہا پسند اور دائیں بازو کے مذہبی نظریات کی حمایت کی عکاسی کرتا ہے۔ امریکا اور اسرائیل کی موجودہ پالیسی توسیع پسندانہ، استعماری اور نسل پرستانہ ہے جس میں فلسطینی قوم کے حقوق کو دانستہ طورپر پامال کیا جا رہا ہے۔

فلسطینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ جب امریکا آزادی اور حریت کی بات کرتا ہے تو اس کی مراد فلسطینیوں کی آزادی نہیں بلکہ اسرائیل کو استعماری  اور نسل پرستانہ جرائم کی آزادی دینا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی