کرونا کی وبا کی وجہ سے ایران میں رمضان المبارک کے جمعۃ الوداع کے موقعے پر عالمی ‘یوم القدس’ کی مناسبت سے ریلیاں اور دیگر تقریبات منسوخ کردی گئی ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی پاسداران انقلاب کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کرونا کی خطرناک وبا کی وجہ سے رواں سال ماہ صیام کے آخری جمعہ کو یوم القدس کے حوالے سے کسی قسم کی ریلیاں، جلسے جلوس اور تقریبات نہیں ہوں گی۔
ایران کی ‘فارس’ نیوز ایجنسی کے مطابق پاسداران انقلاب کی القدس کمیٹی کے چیئرمین رمضان شریف نے سیکیورٹی اداروں کے عہدیداروں کےایک اجلاس سے خطاب میں کہا کہ موجودہ حالات بالخصوص کرونا کی وبا کی وجہ سے ہمارے لیے ماضی کی طرف یوم القدس منانے کا موقع نہیں۔ ہم اس بار یوم القدس کے موقعے پر کوئی اجتماعی سرگرمی نہیں کرسکتے۔ اس حوالے سے پورے ملک میں یہ اعلان کردیا گیا ہے کہ کرونا کی وبا کے مزید پھیلنے کے خطرے کے پیش نظر یوم القدس تقریبات اور ریلیاں منعقد نہیں کی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس بار یوم القدس کو مختلف انداز میں منایا جائے گا۔ کرونا کی وجہ سے ملک کے بیشتر شہروں میں دینی اور تعلیمی ادارے بند ہیں اور یوم القدس کے موقعے پر عام تعطیل کی جائے گی۔ رمضان شریف کا کہنا تھا کہ ہم اس بار انٹرنیٹ پر یوم القدس منائیں گے تاہم انہوں نے اس کی مزید تفصیل بیان نہیں کی۔
خیال رہے کہ ایران ہرسال ماہ صیام کے آخری جمعہ المبارک کو فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کےلیے’یوم القدس’ مناتا ہے۔ اس موقعے پر فلسطینیوں کی حمایت، مسجد اقصی اور القدس کی نصرت کے لیے ملک بھر میں عظیم الشان جلوس اور ریلیاں نکالی جاتی ہیں۔