اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے کہا ہے کہ انہیں پورا یقین ہے کہ امریکی حکومت دو ماہ کے اندر اندر غرب اردن کی یہودی کالونیوں کو اسرائیل کا حصہ تسلیم کرنے کا فیصلہ کرے گی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق نیتن یاھو نے یورپی ممالک میں اسرائیل نواز گروپوں کو لکھے گئے مکتوب میں کہاہے کہ غرب اردن کی یہودی کالونیوں کو جلد اسرائیلی ریاست کا حصہ بنایا جائے گا۔
عبرانی ٹی وی چینل’12’ کی ویب سائٹ پرپوسٹ خبر میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم یاھو کا کہنا ہے کہ انہیں پورا یقین ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ غرب اردن کی یہودی کالونیوں کو اسرائیل میں ضم کرنے کا جرات مندانہ فیصلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جب ہم غرب اردن کے علاقوں کو اسرائیل کی خود مختاری میں لانے میں کامیاب ہوجائیں گے تو اس وقت ہم ایک نیا جشن منائیں گے۔ کیونکہ غرب اردن کا اسرائیل سے الحاق صہیونی تاریخ کا اہم ترین فیصلہ ہوگا۔
خیال رہےکہ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے کچھ عرصہ قبل غرب اردن کی یہودی کالونیوں کو اسرائیل میں شامل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی اپنے نام نہاد امن منصوبے سنچری ڈیل میں غرب اردن اور وادی اوردن کو اسرائیل کا حصہ قرار دے چکے ہیں۔