فلسطینی پناہ گزینوں کی بہبود کے لیے کام کرنے والی اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی ‘اونروا’ نے بتایا ہے کہ بعلبک شہر میں قائم فلسطینی پناہ گزینوں کے الجلیل نامی کیمپ میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کرونا کا شکار ہوگئے ہیں۔ اس خاندان کی ایک خاتون کے چند روز قبل کرونا کا شکار ہونے کی تصدیق کی گئی تھی۔
‘اونروا’ نے جمعہ کے روز ایک بیان میں بتایا کہ کرونا کا شکار ہونے والے تمام مریضوں کو گھروں میں قرنطینہ کردیا گیا ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ گھروں میں قرنطینہ کیے گئے تمام کرونا مریضوں کو ہرممکن طبی مدد فراہم کی جا رہی ہے اور ان کی ہرضرورت کا خیال رکھا جائے گا۔
خیال رہے کہ گذشتہ منگل کو لبنانی حکام نے ایک فلسطینی پناہ گزین خاتون کو رفیق حریر اسپتال منتقل کیا تھا جہاں اس کے کرونا کا شکار ہونے کی تصدیق کی گئی تھی۔