اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے بیرون ملک شعبہ اطلاعات کے انچارج رافت مرہ نے کہا ہےکہ صہیونی ریاست کی طرف سے فلسطینی علاقوں بالخصوص غرب اردن کے اسرائیل سے الحاق کی امریکی حمایت بین الاقوامی قوانین کی کھلی توہین ہے۔
رافت مرہ نے ایک بیان میں کہا کہ امریکا کی طرف سے غرب اردن کے بعض علاقوں کو اسرائیل کاحصہ تسلیم کرنا غیرآئینی، غیرقانونی اور بین الاقوامی قرارارداوں کے منافی ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ بدھ کو امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا تھا کہ غرب اردن کے اسرائیل سے الحاق کا فیصلہ اسرائیل کی منشاء اور مرضی کا حصہ ہے۔ حماس رہ نما نے امریکی وزیر خارجہ کے اس بیان کو صہیونی ریاست کی سیاسی سرپرستی کے مترادف قرار دیا ہے۔
رافت مرہ کا مزید کہنا تھا کہ امریکا کا موقف سراسر اسرائیل کی طرف داری پرمبنی ہے۔ امریکا فلسطینی قوم کے دیرینہ حقوق اور قضیہ فلسطین کے بنیادی تقاضوں کو کھلے عام نظرانداز کررہا ہے۔