فلسطینی اتھارٹی نے عرب لیگ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غرب اردن کے علاقوں کو صہیونی ریاست میں ضم کرنے سے متعلق صہیونی حکومت کے مجوزہ پلان کے تناظر میں اپنا لائحہ عمل طے کرنے کے لیے فوری طورپر وزراء خارجہ کا ورچوئل اجلاس منعقد کرے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کےمطابق فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہےکہ عرب وزراء خارجہ کا فوری اجلاس بلانے کی اپیل کی گئی ہے تاکہ مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقوں کو اسرائیل میں شامل کرنے کے توسیع پسندانہ اقدام اور اس کی روک تھام کے لیے آئندہ کا لائحہ عمل تیار کیا جاسکے۔
عرب لیگ میں فلسطین کے مستقل مندوب کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہےکہ فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس کی ہدایت پر عرب لیگ کے وزراء خارجہ کا ورچوئل اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ یہ مطالبہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں کو اسرائیل میں ضم کرنےکا اعلان کیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اسرائیل کے اس اعلان کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غرب اردن کے حوالے سے فیصلہ اسرائیل کی صوابدید کے مطابق ہوگا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فلسطینی علاقوں کے اسرائیل سے الحاق کے حوالے سے جاری اسرائیلی سازشوں میں امریکا کی بھی حمایت حاصل ہے۔ امریکا اور اسرائیل مل کر فلسطین میں اپنے توسیع پسندانہ استعماری اقدام کو آگے بڑھا رہے ہیں۔
فلسطینی اتھارٹی کے مندوب دیاب اللوح نے ایک الگ بیان میں کہا کہ اسرائیل کی طرف سے غرب اردن کے علاقوں کو صہیونی ریاست کا حصہ قرار دینے کے اقدامات بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔