اسرائیلی فوج کی طرف سے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقوں میں گھر گھر تلاشی کے دوران مزید 9 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق جمعرات کو اسرائیلی فوج نے غرب اردن کے شمالی اور جنوبی شہروں میں تلاشی کی کارروائیوں کے دوران کم سے کم 8 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ حراست میں لیے گئے فلسطینیوں کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ قابض فوج نے تلاشی کے دوران فلسطینیوں کے گھروں میں گھس کر انہیں تشدد کا نشانہ بنایا، توڑپھوڑ کی اور قیمتی اشیاء جس میں نقدی اور زیورات شامل ہیں لوٹ لیے۔
فلسطینی سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے غرب اردن کے جنوبی شہر بیت لحم سے چار فلسطینیوں کو حراست میں لیا۔ دو فسلطینیوں کو شمالی شہر قلقیلیہ اور دو کو طولکرم سے گرفتار کیا گیا۔
فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے بیت لحم میں وادی معالی سے 24 سالہ ابراہیم عطا الھریمی اور شاہراہ الصف سے 23 سالہ مراد عبداللہ ابو عاھور کو حراست میں لیا۔
بیت لحم کے جنوبی قصبے تقوع میں اسرائیلی فوج کی چھاپہ مار کارروائی میں 21 سالہ عنان موسیٰ البدن اور 28 سالہ حمزہ امین صباح کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔