پنج شنبه 01/می/2025

فلسطینی تشخص اور النکبہ کی یاد میں گیارہویں سالانہ’وابستگی’ مہم

بدھ 22-اپریل-2020

بیرون ملک فلسطین کانفرنس کے اشتراک سے عالمی مہم نے فلسطینی تشخص کے دفاع اور النکبہ کی یاد میں ‘وابستگی’ کے عنوان سے 11 ویں سالانہ مہم کا آغاز کیا ہے۔”زوم” پلیٹ فارم پرلانچ کی گئی مہم کا مقصد النکبہ کے 70 سالہ عرصے کی یادیں تازہ کرنا، فلسطینی تشخص کی حفاظت، قضیہ فلسطین کو ختم کرنے کی سازشوں کا مقابلہ کرنا بالخصوص ‘سنچری ڈیل’ کا مقابلہ کرنے کے لیے فلسطینیوں کو تیار کرنا ہے۔

اس مہم کا آغاز الجزیرہ ٹی وی چینل کے فلسطینی صحافی تامر المسحال نے فلسطینی قومی ترانے اور مہم کے تعارف پرمبنی ایک ویڈیو جاری کرکے کیا۔

فلسطینی تشخص اور فلسطین سے وابستگی کی مہم کے کوآرڈینیٹر کی ذمہ داریاں یاسر قدورہ انجام دیں گے۔ان کا کہنا ہے کہ سنہ 2010ء سے ہرسال کی بنیاد پر جاری اس مہم کا مقصد فلسطینی قوم میں اپنے وطن سے وابستگی کا شعور اجاگر کرنا، فلسطینی قوم کے حقوق کے حوالے سے عوامی کردار کو موثر بنانا،حق واپسی اور فلسطینی تہذیب وثقافت کے ساتھ فلسطینی قوم کو مربوط کرنا ہے۔

یاسر قدورہ کا کہنا تھا کہ مہم کے دوران فلسطینی پرچم کی سربلندی کے لیے تمام وسائل کو استعمال کیا جائے گا۔ فلسطینی قومی لباس کے احیاء، فلسطینی کلچر کی تشہیر اور مہم کی مناسبت سے عوامی اور ابلاغی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ کرونا کے بحران کے دوران فلسطینی جہاں کہیں بھی ہیں وہ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔ معمول کی سرگرمیاں تعطل کا شکار ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ موجودہ حالات کے تناظر میں ‘وابستگی مہم برائے 2020’ کی بیشتر سرگرمیاں آن لائن ہوگی۔

قدورہ کا کہنا تھا کہ مہم کے منتظمین نے اسے کامیاب بنانے کے لیے آن لائن پروگرامات ترتیب دیے ہیں۔ اس حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائیٹس اور دیگر دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔

مختصر لنک:

کاپی