شنبه 16/نوامبر/2024

حماس نے کرونا کی روک تھام کے لیے تمام وسائل مسخر کر دیے:الحیہ

پیر 20-اپریل-2020

اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے سیاسی شعبے کے سینیر رکن خلیل الحیہ نے کہا ہے کہ ان کی جماعت نے غزہ کی پٹی میں کرونا کی روک تھام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے ہیں۔ حماس کی تنظیم، مالیات اور لاجسٹک شعبے نے حکومتی اداروں کے ساتھ مل کر غزہ کی پٹی میں کرونا کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے ہیں۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کی آفیشل ویب سائٹ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں خلیل الحیہ نے کہا کہ کرونا وائرس کے آغاز ہی سے حماس نے غزہ کی پٹی میں تمام حفاظتی انتظامات کرلیے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نے غزہ کی پٹی میں کرونا کی وباء نہیں پھیلنے دی۔ ہم حکومتی اداروں کے ساتھ ایک سپاہی کے طورپر میدان میں اترے۔ غزہ میں مشترکہ کرائسز سیل قائم کیا اور کرائسز سیل کی چوبیس گھنٹے کارکردگی کی اعلیٰ سطح سے جانچ کی جاتی رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں حماس نے حکومتی اداروں کےساتھ مشاورت سے بروقت اور مناسب فیصلے کیے۔ حماس کی قیادت اور حکومتی اداروں کے اہلکاروں کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حماس نے ذاتی طورپر کرونا کی روک تھام کے لیے موثر حکمت عملی اپنائی۔ غزہ میں کرونا کے مشتبہ مریضوں کے لیے دو الگ الگ مقامات پر ایک ہزار کمروں کے فیلڈ اسپتال قائم کیے اور ان میں تمام طبی لوازمات اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا۔ گذشتہ ہفتے یہ دونوں اسپتال حکومتی اداروں کے سپرد کردیے گئے۔

اس کےساتھ ساتھ حماس نے فلاحی اداروں کے ساتھ مل کر غزہ میں کرونا کے بحران کے دوران متاثر ہونے والے شہریوں کی مالی مدد کی۔ حماس کی ذیلی تنظیموں، القسام بریگیڈ اور دیگر برادر تنظیموںنے کرونا کی روک تھام میں حکومت کے دست وبازو کا کردار ادا کیا۔

خلیل الحیہ کا کہنا تھا کہ حماس نے غزہ کی پٹی میں اپنی طرف سے مختلف اسپتالوں کو 30 وینٹی لیٹر فراہم کیے۔

ایک دوسرے سوال کے جواب میں خلیل الحیہ نے کہا کہ حماس نے اسرائیل کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کی ڈیل کےلیے ثالثی کا کردار ادا کرنےوالے ممالک کے ساتھ رابطے جاری رکھے ہوئےہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل غزہ کی پٹی کا محاصرہ مزید سخت کرکے فلسطینی باشندوں کے لیے مشکلات پیدا کرنا چاہتا ہے مگر حماس غزہ اور غرب اردن میں کسی فلسطینی کو کو موت سے دوچار کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی کی عوام کی طبی ضروریات کی فراہمی کے لیے حماس اسرائیلی ریاست پرہرممکن دبائو ڈالنے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

مختصر لنک:

کاپی