فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں سلوان کالونی میں کرونا کے مزید 19 مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد القدس میں کرونا کے متاثرین کی تعداد 65 ہوگئی ہے۔ دوسری طرف فلسطینی انفارمیشن سینٹر کا کہنا ہے کہ اسرائیلی ریاست القدس میں کرونا کی وباء پر پردہ ڈالنے کی کوشش کررہا ہے۔
وادی حلوہ انفارمیشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق 65 فلسطینی القدس میں کرونا کا شکار ہوچکے ہیں۔ اسرائیلی ریاست کی طرف سے فلسطینی متاثرین کے بارے میں فلسطینی اتھارٹی کو کسی قسم کی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
انفارمیشن مرکز کے مطابق سلوان میں الثوری کالونی، واد قدوم کالونی، راس العامود اور عین اللوزہ میں مزید 19 فلسطینی مریض سامنے آئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 9 فلسطینی وادی قدوم میں کرونا کا شکار ہوئے ہیں جن میں سے دو میاں بیوی ہیں۔ انہیں منگل کے روز کرونا کے متاثرین میں شامل کیا گیا تھا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حکام اور وزارت صحت القدس میں فلسطینیوں کے کرونا سے بچائو کے حوالے سے لاپرواہی کا مظاہرہ کررہی ہے۔ اسرائیلی وزارت صحت نے القدس میں فلسطینی شہریوں کے کرونا کا شکار ہونے کے بعد ان کی حفاظت کے لیے کسی قسم کی تدبیر نہیں کی اور نہ ہی ان کی اصل تعداد کے بارے میں فلسطینی اتھارٹی کو آگاہ کیا ہے۔