ایران کے مرکزی بنک نے انکشاف کیا ہے کہ یورپی ممالک نے ایران کے منجمد اثاثے بحال کردیے ہیں۔ یہ اثاثے سنہ 2015ء کو لکسمبرگ میں منجمد کیے گئے تھے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ایران کے سینٹرل بنک کے گورنر عبدالناصر ھمتی نے ایک بیان میں کہا کہ یورپی ممالک نے ایران کے منجمد کردہ اثاثے بحال کر دیے ہیں جو اب ایران کو ملنا شروع ہوگئے ہیں۔
ایرانی عہدیدار کا کہنا تھا کہ حال ہی میں لکسمبرگ کی ایک عدالت نے ایران کے منجمد کردہ اثاثے بحال کرنے کے حق میں فیصلہ دیا تھا۔ اس فیصلے کے تحت امریکی دبائو کے باوجود یورپی ممالک ایران کو ایک ارب 60 کروڑ ڈالر کی رقم ادا کریں گے۔
ایرانی عہدیدار نے کہا کہ لکسمبرگ میں ایران کےیہ اثاثے پانچ سال قبل منجمد کیے گئے تھے۔
خیال رہے کہ ایران کے منجمد اثاثے ایک ایسے وقت میں بحال کیے گئے ہیں جب دوسری طرف ایران کرونا کی بیماری کی وجہ سے کافی مشکلات کا سامنا کررہا ہے۔