فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں کل سوموار کے روز ایک اور فلسطینی کے کرونا کاشکار ہونے کی تصدیق کی گئی ہے جس کے بعد غزہ میں کرونا کے متاثرہ مریضوں کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔ ان میں سے چھ مریض صحت یاب ہونے کے بعد گھروں کو جا چکے ہیں۔
مرکزطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی پٹی میں وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ قرنطینہ منتقل کیے گئے ایک فلسطینی کے کرونا کا شکار ہونے کی تصدیق کی گئی ہے تاہم مریض کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
غزہ کی پٹی میں مجموعی طورپر کرونا کے 13 مریض سامنے آئے ہیں جن میں سے 6 صحت یاب ہونے کے بعد گھروں کو چلے گئے ہیں۔
غزہ میں محکمہ صحت کے سیکرٹری ڈاکٹر یوسف ابو الریش نے بتایا کہ غزہ میں 2000 مریضوں کا طبی معائنہ کیا گیا اور ان کے کرونا ٹیسٹ لیے گئے ہیں۔ دوسری طرف فلسطین میں مجموعی طور پرکرونا کے مریضوں کی تعداد 254 ہو گئی ہے۔