دنیا بھرمیں پھیلنے والی کرونا وائرس کی وباء نے دنیا بھر کی مساجد میں عبادت اور نماز کی ادائیگی بھی متاثر کی ہے۔ حرمین شریفین میں نماز جمعہ کے اجتماعات پر پابندی کے بعد مسجد اقصیٰ میں بھی نماز جمعہ میں عوام شہریوں کی آمد پر پابندی عاید کی گئی۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق کل جمعہ کے روز مسجد اقصیٰ میں حرم قدسی اور محکمہ اوقاف کے ملازمین نے نماز جمعہ میں شرکت کی۔
اس موقعے پرمسجد اقصیٰ میں کرونا وائرس سے بچائو کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔ نمازیوں نے چہروں پر ماسک پہن کر نماز جمعہ ادا کی۔
اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے مسجد اقصی کے خطیب الشیخ یوسف ابو اسنینہ نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنی صحت کی حفاظت کے لیے اپنے گھروں میں رہیں۔
خیال رہے کہ حال ہی میں فلسطینی محکمہ اوقاف نے کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ کی ادائیگی روک دی تھی۔