پنج شنبه 01/می/2025

امریکا میں کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی

ہفتہ 28-مارچ-2020

امریکا میں کرونا وائرس کے سبب اموات اور نئے کیس سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں مزید 354 افراد کی اموات واقع ہوئی ہیں اور 18 ہزار نئے کیسوں کا اندراج ہوا ہے۔ یہ ایک روز کے اندر اموات اور متاثرین کی ریکارڈ تعداد ہے۔

جونز ہوپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ امریکا کے مقامی وقت کے مطابق جمعے کی شام 5:50 منٹ تک ملک میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔

متاثرین کی تعداد میں سب سے زیادہ اضافہ نیویارک میں ہوا۔ امریکا میں کرونا کے مجموعی کیسوں میں نصف سے زیادہ نیویارک میں سامنے آئے ہیں۔ اس کے نتیجے میں وہاں کے ہسپتال مریضوں سے بھر گئے ہیں۔

امریکا میں کرونا کے کیسوں کی تعداد اطالیہ سے تقریبا 15 ہزار اور چین سے تقریبا 20 ہزار زیادہ ہے۔ اس وبا سے متاثرین کی تعداد کے لحاظ سے امریکا کے بعد اطالیہ دوسرے اور چین تیسرے نمبر پر ہے۔

امریکا میں امراض کی روک تھام اور ان سے تحفظ کے مراکز کے مطابق ملک میں کرونا سے وفات پانے والے افراد کی مجموعی تعداد 1246 ہو چکی ہے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کرونا کے کیسوں کی مجموعی تعداد کا ایک تہائی حصہ صرف تین ملکوں امریکا، اطالیہ اور چین میں ہے۔ دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔

گذشتہ ہفتے تقریبا 33 لاکھ امریکیوں نے بے روزگاری الاؤنس حاصل کرنے کی درخواستیں پیش کیں۔ تیس کروڑ نفوس کی آبادی والے ملک میں ہسپتالوں میں آنے والے کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد گنجائش سے تجاوز کر رہی ہے۔ اس دوران 40 فی صد امریکی کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو سست کرنے کے لیے گھروں میں بند ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی