سوڈان کے وزیر دفاع لیفٹننٹ جنرل جمال عمر بدھ کی صبح دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ وہ پڑوسی ریاست جنوبی سوڈان کے دورے کے سلسلے میں جوبا شہر میں موجود تھے۔
اطلاعات کے مطابق سوڈانی حکام اپنے وزیر دفاع کی میت واپس خرطوم لانے کے انتظامات کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ جوبا میں سوڈانی حکومت اور مسلح مزاحمتی تحریکوں کے درمیان مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔
یاد رہے کہ جمال عمر کو عبوری حکومت کی نئی کابینہ میں وزیر مقرر کیا گیا تھا۔ یہ ستمبر 2019 میں عمر البشیر کی حکومت کے خاتمے کے بعد تشکیل پانے والی پہلی شہری حکومت ہے۔
جمال عمر مارچ 2017 سے فوجی انٹیلی جنس کے سربراہ کے منصب پر فائز تھے۔ بعد ازاں وہ اُس عبوری فوجی کونسل کے رکن مقرر کیے گئے جس نے عمر البشیر کی معزولی کے بعد اقتدار سنبھالا۔ جمال کا تقرر جنرل مصطفى محمد مصطفى کی جگہ عمل میں آیا تھا جو مذکورہ کونسل کی رکنیت سے مستعفی ہو گئے تھے۔
جمال عمر نے فوجی کونسل کی ٹیم میں رہتے ہوئے کونسل میں امن اور دفاع کی کمیٹی کے سربراہ کے طور پر بھی کام کیا۔