عشاق نصرت الاقصیٰ کی عوامی کمیٹی کی طرف سے جاری ایک بیان میں بزرگ فلسطینی رہ نماء الشیخ راید صلاح کی گرفتاری کے اسرائیلی فیصلے کی شدید مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا ہےکہ صہیونی ریاست ہرقیمت پر الشیخ راید صلاح سے جان چھڑانا اور انہیں جان سے مارنا چاہتی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق عشاق الاقصیٰ کمیٹی کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صہیونی دشمن ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت الشیخ راید صلاح کے خلاف سرگرم ہے۔ اسرائیلی ریاست کے سیکیورٹی ادارے سیاسی سرپرستی میں الشیخ راید صلاح کو شہید کرنا چاہتے ہیں۔ الشیخ راید صلاح کے طویل اور ظالمانہ ٹرائل نےیہ ثابت کیا ہے کہ صہیونی ریاست الشیخ راید صلاح کو یا تو قید بند میں رکھنا چاہتی ہے یا انہیں سرے سے جان سے مارنا چاہتی ہے۔
خیال رہےکہ فلسطینی وکلاء کی طرف سے حیفا شہر کی عدالت میں الشیخ راید صلاح کی گرفتاری روکنے کی درخواست دی تھی مگر صہیونی عدالت نے الشیخ راید صلاح کی گرفتاری روکنے کی اپیل مسترد کردی۔
خیال رہے کہ الشیخ راید صلاح کو اسرائیلی عدالت کی طرف سے نفرت آمیز تقاریر کرنے کے الزامات میں 28 ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔ الشیخ راید اس سزا میں سے 11 ماہ پہلے جیل میں رہ چکے ہیں۔ انہیں کچھ عرصہ پیشتر جیل سے رہا کرنے کے بعد گھر پرنظر بند کردیا تھا۔