فلسطینی اتھارٹی کے وزیراعظم محمد اشتیہ نے مقبوضہ مغربی کنارے میں کرونا سے بچائو کے لیے مزید سخت حفاظتی انتظامات کا اعلان کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق محمد اشتیہ نے رام اللہ میں کابینہ کے اجلاس کے دوران انہوں نے غرب اردن میں کرونا سے بچائو کے لیے کی جانے والی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔
بعد ازاں فلسطین کے سرکاری ٹی وی چینل پر نشر کردہ ایک بیان میں محمد اشتیہ نے کہا کہ بیت لحم اور غرب اردن کےدوسرے علاقوں میں کرونا کے مزید پھیلائو کو روکنے کےلیے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔
حکومت نے بیت لحم، بیت جالا اور بیت ساحور شہروں میں آمدو رفت کی اجازت دی تاہم شہریوں سے کہا کہ وہ غیرضروری طورپر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔
غرب اردن کے دوسرے اضلاع کے باشندوں کے لیے بیت لحم میں داخلے پرپابندی عاید کی گئی ہے۔ بیت لحم کے شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ دوسرے اضلاع میں داخل نہ ہوں اور اون کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
فلسطینی حکومت نے تمام وزراء کی نقل وحرکت بھی محدود کردی ہے اور کہا ہے کہ ہنگامی صورت کے سوا کوئی وزیر پبلک میٹنگ میں نہ جائے اور نہ ہی کسی قسم کے اجتماعات منعقد کیے جائیں۔