سعودی عرب میں زیرحراست فلسطینی اور اردنی رہ نمائوں کی فوری رہائی کے لیے ایک بار پھرسوشل میڈیا پر زور وشور سے مہم جاری ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق سوشل میڈیا پرجاری مہم میں سعودی عرب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ الریاض کی جیل میں قید اسلامی تحریک مزاحمت’حماس’ کے رہ نما ڈاکٹر محمد الخضری اور ان کے صاحب زادے ھانی الخضری کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اس مہم کو بڑے پیمانے پر پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ مہم کے منتظمین کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں زیرحراست رہ نمائوں کی صحت کو خطرات لاحق ہیں۔ ان کے خلاف ایک ایسے وقت میں مقدمات چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے جب دوسری طرف پوری دنیا میں کرونا وائرس کے نتیجے میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔
سوشل میڈٰیا کی مہم میں سعودی عرب کی جیلوں میں قید فلسطینیوں کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ قیدیوں کی زندگی خطرے میں ہے۔
خیال رہے کہ سعودی عرب کی جیلوں میں قید درجنوں فلسطینیوں کے خلاف 8 مارچ سے مقدمہ کی کارروائی کا آغاز کیا گیا ہے۔ زیرحراست اردنی اور فلسطینی رہ نمائوں پر فلسطینی مزاحمتی تحریکوں کی حمایت کا الزام عاید کیا جاتا ہے۔