اسرائیلی جیلوں میں قید کیے گئے ہزاروں فلسطینیوں کے بنیادی حقوق پامال کرنے اور کرونا وائرس کے خطرے میں فلسطینی اسیران کو کسی قسم کا تحفظ فراہم کرنے سے انکار پر فلسطینی عوام میں شدیدغم وغصے اور بے چینی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطین کے عوامی حلقوں، سماجی تنظیموں اور انسانی حقوق کے گروپوں کی طرف سے فلسطینی قیدیوں کی صحت کے حوالے سے برتی جانے والی نا انصافی اور غیرانسانی برتائو کو نسل پرستانہ اور غیر مہذب قرا ردیا ہے۔
شہریوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ فلسطینی اسیران میں صہیونی ریاست کے فلسطینی قیدیوں کے معاملے میں برتے جانے والے سلوک پر شدید غم وغصہ ہے۔
ادھر اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کی طرف سے بھی اسرائیلی انتظامیہ کی طرف سے عاید کی گئی حالیہ پابندیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اسرائیلی جیلوں میں فلسطینی اسیران کی قیادت کی طرف سے کہا گیا ہے کہ صہیونی جیل حکام ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اسیران کے ساتھ انتقامی برتائو کررہےہیں۔
خیال رہے کہ حال ہی میں اسرائیلی جیل انتظامیہ نے تمام جیلوں میں قید فلسطینیوں کو کینٹین سے دو سو کے قریب مختلف اشیاء کی خریداری سے روک دیا۔ اس کے علاوہ جیل انتظامیہ کی طرف سے اسیران کے کرونا وائرس سے بچائو کے حوالے سے بھی کسی قسم کی حفاظتی تدابیر اختیار نہیں کی گئی ہیں۔