پنج شنبه 01/می/2025

کرونا سے نمٹنے کے لیے غزہ کو طبی آلات فراہم کیے جائیں

جمعرات 19-مارچ-2020

انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی طرف سے فلسطین کے محاصرہ زدہ علاقے غزہ کی پٹی کے عوام کو کرونا سے بچانے کے لیے مقامی انتظامیہ کو طبی آلات اور ادویات کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی پٹی میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے درجنوں اداروں کی طرف سے گذشتہ روز ایک متفقہ بیان جاری کیا گیا جس میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر غزہ کی پٹی کی انتظامیہ کو طبی آلات اور ادویات فراہم کرے۔

انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی طرف سے غزہ کی پٹی کی مسلسل ناکہ بندی کرونا وائرس جیسے امراض کے پھیلنے کا ذریعہ ثابت ہوسکتی ہے۔ ہمارا پر زور مطالبہ ہے کہ انسانی حقوق کی تنظیمیں اور عالمی برادری غزہ کی انتظامیہ کو کرونا سے بچائو کے لیے تمام ضروری سامان ،آلات اور ادویات کی فراہمی یقینی بنائے۔

انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے مرکز برائے تحفظ انسانی حقوق کے ڈائریکٹر عمر القاروط نے کہا کہ غزہ کے عوام کو کرونا کی وباء سے بچانے کے لیے ہرقسم کے آلات اور سہولیات فراہم کرنا عالمی برادری کی ذمہ داری ہے۔

خیال رہے کہ غزہ کی پٹی میں فی الحال کرونا کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا تاہم 8 سو کے قریب غزہ کے شہریوں کو قرنطینہ منتقل کیا گیا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی