فلسطینی اتھارٹی کےوزیراعظم محمد اشتیہ نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر حراست میں لیے گئے تمام فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق پریس کو جاری ایک بیان میں فلسطینی اتھارٹی کے وزیراعظم نے کہا کہ کرونا وائرس کے نتیجے میں اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ فلسطینی قیدیوں کی زندگیاں بچانے کے لیے تمام قیدیوں کو رہا کیا جائے۔
محمد اشتیہ کا کہنا تھا کہ ہم جلد ہی انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ریڈ کراس کے توسط سے صہیونی حکام کو ایک پیغام بھیجیں گے جس میں اسرائیلی حکومت سے تمام فلسطینی اسیران کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا جائے گا۔
فلسطینی محکمہ امور اسیران کے مطابق اسرائیلی جیلوں میں اس وقت چھ ہزار سے زائد فلسطینی پابند سلاسل ہیں۔ ان فلسطینیوں کو طرح کی پابندیوں، مشکلات اور تشدد کا سامنا ہے۔
حال ہی میں اسرائیلی حکام نے 19 فلسطینی اسیران اور 15 جیل اہلکاروں کو کرونا وائرس کے شبے میں قرنطینہ منتقل کیا گیا ہے۔