فلسطین میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے گروپوں نے ‘کرونا’ وائرس کے خطرے کے پیش نظر اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کو اور موذی وباء سے ہرممکن تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق انسانی حقوق مرکز برائے انسانی حقوق کی طرف سے جاری ایک بیان میںکہا گیا ہے کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں بالخصوص ریڈ کراس اور ایمنسٹی کو اسرائیلی جیلوں میں فلسطینی اسیران کو کرونا وائرس سے بچانے کے لیے ٹھوس اور موثر اقدامات کرنے چاہیں۔
بیان میںکہا گیا ہے کہ اسرائیلی زندانوں میں قید فلسطینی کروناکی وجہ سے خطرے میں ہیں۔ ان کی زندگیاں بچانے کے لیے انسانی حقوق کی تنظیموں کو ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں اسرائیلی حکام نے بتایا تھا کہ اسرائیلی جیلوں میں کرونا وائرس پھیلنے کا شبہ ہے۔ اس شبے میں 19 فلسطینی اسیران کو دوسرے قیدیوں سے الگ کیا گیا ہے۔
اسرائیل کی 22 جیلوں میں کم سے کم 6500 فلسطینی پابند سلاسل ہیں۔ ان میں بچے، خواتین اور سیکڑوں کی تعداد میں انتظامی قیدی شامل ہیں۔