پنج شنبه 01/می/2025

فلسطین میں کرونا پروف لباس تیار کرنے پر کام شروع

اتوار 15-مارچ-2020

فلسطین میں ایک فیکٹری نے کرونا وائرس سے بچائو میں مدد فراہم کرنے والا ایک نیا لباس تیار کرنا شروع کیا ہے۔یہ لباس طبی اور سیکیورٹی اہلکاروں اور میڈیا کارکنوں کے لیے خصوصی طورپر تیار کیا جا رہا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق "سب ٹیکس” پلانٹ جنوبی مغربی کنارے کے شہر الخلیل میں واقع ہے اور اس نے  مجاز فلسطینی حکام کی منظوری حاصل کرنے کے بعد "اورولیٹ” (جو ایک خاص لباس ہے جس میں پورے جسم کا احاطہ کیا جاتا ہے) تیار کرنے کا عمل شروع کیا۔

فیکٹری کے ڈائریکٹر حاتم السعافین نے اناطولیہ نیوز ایجنسی کو بتایا کہ یہ خیال بیت لحم شہر میں کرونا وائرس کے پھیلنے کے بعد ان کے ذہن میں پیدا ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ایک خاص قسم کے دھاگے کا انتخاب کرنے کے بعد نمونے کے طور پر ایسا لباس تیار کیا۔ اس کے بعد اسے فلسطینی حکام کو پیش کیا گیا ، جنھوں نے پیداوار شروع کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

مسلسل تیسرے دن بھی فیکٹری کے مزدور خاص مقدار میں خاص لباس تیار کرتے رہے۔السعافین نے مزید کہا کچھ ہی دنوں میں فلسطینی مارکیٹ کی ضروریات کو اس لباس سے پوری کیا ج اسکتا ہے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ ان کی فیکٹری کی پیداوار پوری طرح سے فلسطینی اتھارٹی کو ملے گی۔

انہوں نے وضاحت کی کہ لباس طبی عملے ، سیکیورٹی خدمات انجام دینے والے اہلکاروں ، اور یہاں تک کہ میڈیا کے کارکنوں کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔

 جمعرات کو وزارت اقتصادیات نے ایک فلسطینی فیکٹری میں کرونا کا مقابلہ کرنے کے لیے میڈیکل ماسک کی تیاری شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ فلسطینی اتھارٹی نے مغربی کنارے کے جنوب میں واقع بیت لحم شہر میں 5 مارچ کو کرونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق کی تھی۔ اب  تک غرب اردن میں کرونا کے 39 کیسز سامنے آچکے ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی