فلسطین کے نیشنل پریس کلب نے صہیونی ریاست کے مظالم کا مردانہ وار مقابلہ کرتے ہوئے ابلاغی محاذ پر مجاھدانہ کردار ادا کرنے والی خواتین کارکنوں کی قربانیوں اور ان کی مساعی کو شاندار خراج تحسین پیش کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطین نیشنل پریس کلب کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی خواتین صحافی جہاں بھی ہیں وہ قضیہ فلسطین اور قوم کے دیرینہ حقوق کے لیے قائدانہ کردار ادا کرنے کے ساتھ بہادری کےساتھ صہیونی ریاست کے مظالم کی کوریج کررہی ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ 8 مارچ کو جب پوری دنیا میں خواتین کا عالمی دن منایا گیا فلسطین پریس کلب قوم کی ان بہادر اور قلمی مجاھدات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ یہ خواتین کارکن اپنے قلم اور کمپیوٹر کے کی بورڈ سے آزادی کی لیے امید کی کرنیں روشن کرتی ہیں۔ فلسطینی قوم انہیں جہاں پکارتی ہے وہ وہاں پر لبیک اے میرے وطن اور قوم کہہ کر موجود ہوتی ہیں۔
بیان میں اسرائیلی ریاست کے مظالم کا مقابلہ کرنے والی فلسطینی خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ اسرائیلی ریاست کے ظلم کےلیے اتنا ہی کافی ہے اس نےسنہ 1967ء کی جنگ کے بعد 16 ہزار فلسطینی مائوں ، بہنوں اور بیٹیوں کو زندانوں میں قید کیا۔