اسرائیلی حکومت نے کرونا وائرس کے خطرات سے نمٹنے کے لیے حفاظتی انتظامات کی آڑ میں فلسطینی علاقے سیل کردیے ہیں اور فلسطینیوں کی ایک سے دوسرے شہر میں نقل وحرکت بند کردی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطین کے علاقے غزہ اور غرب اردن کے درمیان آمد ورفت کے لیے استعمال کی جانی چوکیوں پر فوج اور ملٹری پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ غزہ اور غرب اردن کے درمیان تمام راہ داریاں بند کردی ہیں۔
عبرانی میڈٰیا کے مطابق اسرائیلی فوج کی طرف سے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں۔ یہ انتظامات کرونا وائرس کے خطرے اور یہودیوں کے ایک مذہبی تہوار پرسیکیورٹی کے پیش نظر کیے گئے ہیں۔
عبرانی ٹی وی چینل’کے اے این’ کے مطابق غزہ اور غرب اردن کے درمیان سامان کی آمد ورفت کے لیے استعمال ہونے والی کرم ابو سالم گذرگاہ کو بھی چوبیس گھںٹے کے لیے ہرطرح کی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
اس دوران سوائے ہنگامی نوعیت کے کیسز کے فلسطینیوں کو غزہ سےغرب اردن داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ غزہ سے غرب اردن ہنگامی حالت میں آنے والوں کو پہلے فلسطینی انتظامیہ کے سینیر رابطہ کار کے ذریعے اسرائیلی حکام سے رابطہ کرانا ہوگا۔