دنیا بھر میں بالخصوص افغانستان اور مشرق وسطیٰ میں سنگین جنگی جرائم میں ملوث صہیونی ریاست اور امریکا نے بین الاقوامی عدالت انصاف کے خلاف متحدہ محاذ قائم کرنے اور جرائم کی تحقیقات میں عالمی عدالت سے تعاون نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ امریکا اور اسرائیل فوج داری جرائم کی تحقیقات کے معاملے میں مل کر فوج داری عدالت کا مقابلہ کریں گے۔
اسرائیلی حکام کی طرف سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حال ہی میں عالمی عدالت انصاف نے افغانستان میں امریکی فوج کے ہاتھوں کیے گئے جرائم کی تحقیقات کا اعلان کیا تھا۔ اس سے قبل عالمی عدالت کی طرف سے اسرائیلی فوج کے فلسطینیوں کے خلاف جرائم کی تحقیقات کا بھی اعلان کیا جا چکا ہے۔
عبرانی زبان میں نشریات پیش کرنے والے ٹی وی چینل 13 کی رپورٹ کے مطابق جلد ہی اسرائیلی وزیر برائے توانائی یوال شٹائنٹز ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد کے ہمراہ واشنگٹن کا دورہ کریں گے۔ اپنے اس دورے کے دوران اسرائیلی حکام امریکی عہدیداروں سے دی ہیگ میں قائم بین الاقوامی فوج داری عدالت کی طرف سے جاری کردہ نوٹس کا مل کر مقابلہ کرنے اور مشترکہ لائحہ عمل طے کریں گے۔