سعودی عرب کی حکومت نے کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر بیرون ملک سے عمرہ زائرین پر پابندی کے بعد اندرون ملک سعودی شہریوں اور تارکین وطن پر بھی عمرہ کی ادائی پر غیرمعینہ مدت تک کے لیے پابندی لگا دی ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی’ ڈبلیو اے ایس’ نے وزارت داخلہ کے ایک ذمہ دار ذریعے کےحوالے سے بتایا ہے کہ حکومت نے ملک میں موجود غیرملکی مسلمانوں اور مقامی شہریوں کی عمرہ کی ادائی پرپابندی عاید کردی ہے۔
سعودی عہدیدار نے کہا کہ عمرہ کی ادائی پرپابندی کا فیصلہ اس کے بنیادی اسباب دور ہونے کے بعد تبدیل کیا جائے گا۔
سعودی ذمہ دار کا کہنا تھا کہ مملکت میں موجود شہری اور تارکین وطن مسلمانوں کے عمرہ کی ادائی سے کرونا وائرس کے پھیلنے کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔ حکومت پہلے بیرون ملک عمرہ اور سیاحتی ویزے جاری کرنے پر پابندی لگا چکی ہے۔