اردن اور تیونس نے قضیہ فلسطین سے متعلق بیانیے میں عرب ممالک میں اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوششیں آگے بڑھانے سے اتفاق کیا ہے۔ دونوں عرب ممالک کا کہنا ہے کہ قضیہ فلسطین سے متعلق عرب ممالک کے موقف میں ہم آہنگی ضروری ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق گذشتہ روز تیونسی پارلیمنٹ کے اسپیکر راشد الغنوشی نے اردن کے دورے کے دوران عمان میں اپنے اردنی ہم منصب عاطف الطراونہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں دونوں رہ نمائوں کا کہنا تھا کہ اردن اور تیونس قضیہ فلسطین کے حوالے سے عرب ممالک کے موقف میں اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔
اس موقعے پر تیونس کی اسلام پسند جماعت تحریک النہضہ کے سربراہ علامہ راشد الغنوشی نے کہا کہ اردن نہ صرف ایک بڑا عرب ملک ہے بلکہ جغرافیائی اعتبار سے فلسطین کے پڑوس میں واقع ہونے کی بہ دولت یہ قضیہ فلسطین اور القدس کی دفاعی لائن پرکھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عاطف الطراونہ کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں ہم نے دو طرفہ اقتصادی اور سیاسی تعاون اور قضیہ فلسطین کے حوالے سے عرب ممالک کی حمایت حاصل کرنے پر بات چیت کی ہے۔
مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں عاطف طراونہ نے کہا کہ موجودہ وقت کا تقاضا ہے کہ تمام عرب اور مسلمان ممالک فلسطین کے حوالے سے ایک موقف اختیار کریں۔