فلسطینیوں کی جان ومال کےدشمن صہیونیوں کی طرف سے فلسطینیوں کے پھل دار پودوں کے باغات کو بھی نیست ونابود کیا جا رہا ہے۔ مقامی فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ گذشتہ تین روز میں یہودی شرپسندوں نے غرب اردن کے جنوبی شہر بیت لحم میں فلسطینیوں کے 780 پھل دار پودے تلف کردیے۔
ان میں بیشتر درخت جنوبی بیت لحم میں الخضر قصبے میں تلف کیے گئے۔
مقامی فلسطینی سماجی کارکن عماد دعدوع نے بتایا کہ یہودی شرپسندوں نے ‘فاغور’ کے علاقے میں محمد ابو الکتعہ کے 200 پھل دار پودے تلف کردیے۔
اسی طرح یہودی آباد کاروں نے ناصر اسماعیل مرزوق کے زکندح کے مقام پر واقع باغ میں گھس کر 300 پھل دار پودے تلف کردیے۔
گذشتہ جمعرات کو یہودی شرپسندوں نے الیعازر یہودی کالونی کے قریب زیتون کے 200 درخت کاٹ ڈالے جب کہ 80 دیگر پھل دار پودے کاٹے گئے۔ یہ پودے مروان عبدالسلام اور انس فتحی عبدالسلام نامی فلسطینیوں کی ملکیت تھے۔
گذشتہ تین روز میں یہودی شرپسندوں نے بیت لحم میں فلسطینیوں کے باغات میں گھس کر کم سے کم 780 پھل دار پودے تلف کیے۔ ان میں 200 پرانے پودے بھی شامل ہیں جب کہ نصف سے زاید پودے زیتون کے ہیں۔