فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی ‘اونروا’ نے کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر لبنان میں فلسطینی پناہ گزینوں کے تعلیمی ادارے اور اسکول بند کردیے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ایک بیان میں اقوام متحدہ کی ریلیف ایجنسی کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر لبنان میں پناہ گزین کیمپوں میں قائم اسکول 29 فروری سے 9 مارچ تک بند کردیے ہیں۔
‘اونروا’ کے شعبہ صحت کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عدنان عبدا شناعہ نے ایک بیان میں کہا کہ لبنان میں کرونا وائرس کیسز سامنے آئے ہیں مگر اس کے باوجود ابھی تک کوئی فلسطینی پناہ گزین اس کا شکار نہیں ہوا ہے۔
ڈاکٹر شناعہ کا کہنا تھا کہ لبنانی وزارت تعلیم کی طرف سے 9 مارچ تک اسکول بند کرنے کے اعلان کے بعد ‘اونروا’ نے بھی اپنے زیرانتظام اسکولوں میں تعلیمی ادارے بند کردیے ہیں۔
خیال رہے کہ چین میں پھیلنے والا کرونا وائرس تیزی کے ساتھ کئی دوسرے ممالک میں بھی پہنچ گیا ہے۔عرب ممالک میں لبنان بھی کرونا وائرس کا شکار ہوا ہے۔
لبنانی حکومت نے احتیاطی تدابیر کے تحت 9 مارچ تک ملک بھرمیں اسکول اور تعلیمی ادارے بند کردیے ہیں۔