سماجی رابطوں کی ویب سائٹس صہیونی ریاست کے ہاتھ میں فلسطینیوں کے خلاف نفرت اور دشمنی پر اکسانے کا ایک موثر ہتھیار اور ذریعہ ثابت ہور ہی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی طرف سے نفرت کا ایک بہتا سیلاب رواں دواں ہے جس میں فلسطینیوں کے قتل تک کی ترغیبات دی جاتی ہیں۔
عرب مرکز برائے فروغ سماجی ابلاغ کی طرف سے جاری ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سال 2019ء کے دوران اسرائیلیوں کی طرف سے فلسطینیوں اور عربوں کے خلاف سوشل میڈیا پر 95 ہزار نفرت انگیز پوسٹیں شیئر کی گئیں۔ اس طرح اوسطا ہر 64 سیکنڈ کے بعد فلسطینیوں کے خلاف ایک نفرت انگیز پوسٹ شیئر کی جاتی رہی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سال 2019ء کے دوران فلسطینیوں کےخلاف سوشل میڈیا پر سفرت کے واقعات میں 30 فی صد اضافہ ہوا۔ ٹویٹر اور فیس بک فلسطینیوں کے خلاف نفرت آمیز بیان میں پیش پیش رہے۔
رپورٹ کے مطابق سال 2019ء کے دوران 14 فی صد نفرت آمیز مواد فلسطینی عربوں کے خلاف تھا۔ سال 2019ء کے دوران صہیونیوں کی طرف سے مجموعی طورپر چار لاکھ 95 ہزار نفرت آمیز پوسٹیں شیئر کی گئیں۔ جب کہ سال 2018ء میں یہ تعداد 4 لاکھ 74 ہزار تھی۔