شنبه 03/می/2025

اسرائیلی فوج کا کریک ڈائون، 15 فلسطینی گرفتار، فیکٹری سیل

جمعرات 27-فروری-2020

قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران 15 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ اسرائیلی فوج نے غرب اردن میں لوہے کے آلات تیار کرنے والی ایک فیکٹری پر دھاوا بول کر اس کی مشینری قبضے میں لے لی۔

مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے شمال مغربی رام اللہ میں دیر نظام کے مقام پر ایک کارروائی کے دوران فراس التمیمی نامی شہری کو حراست میں لے لیا۔

کلب برائے اسیران کے مندوب  کے مطابق فراس التمیمی شہید فلسطینی مصعب التمیمی کے والد ہیں۔ مصعب کو اسرائیلی فوج نے جنوری 2018ء کو گولیاں مار کر شہید کردیا تھا۔

ادھر نابلس کے جنوبی علاقے زیتا جماعین میں اسرائیلی فوج نے ایک مسجد کے پیش امام جمعہ رمضان اور ایک دوسرے فلسطینی سفیان الحایک کو حراست میں لے لیا۔

جنوبی شہر الخلیل میں اسرائیلی فوج نے ایک فیکٹری پر چھاپہ مارا اور اس میں موجود میشنر اور دیگر سامان ضبط کرلیا۔

بیت لحم میں اسرائیلی فوج نے الکرکفہ کے مقام پر تلاشی کے دوران شادی علی محمد حساسنہ کو حراست میں لیا۔ عایدہ کیمپ سے ایک سابق اسیر یاسین ابو سرور اور مصطفیٰ ابراہیم قنیص کو حراست میں لے لیا۔

درایں اثناء اسرائیلی فوج نے بیت لحم میں  تین سابق اسیران سمیت 8 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ حزما قصبے اور دوسرے مقامات سے 50 سالہ سابق اسیر عیسیٰ عودہ الخطیب، 21 سالہ احمد وحید الخطیب، 25 سالہ محمد فوزی الخطیب، اس کے بھائی احمد، 17 سالہ محمد رشدی صلاح الدین، 15 سالہ فادی حامد الخطیب،ٍ8 سالہ محمود حسین الخطیب اور رامی صبیح الخطیب کو حراست میں لے لیا۔

مختصر لنک:

کاپی