اسلامی جمہوریہ ایران نے حالیہ ایام میں فلسطین کے علاقے غزہ اور شام کے دارالحکومت دمشق میں اسرائیلی فوج کے میزائل حملوں کو فلسطینی مزاحمتی قوتوں کے خلاف صہیونی ریاست کی کھلی دہشت گردی قرار دیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان عباس موسوی نے ایک بیان میں کہا کہ غزہ اور دمشق میں فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کے مراکز پر اسرائیلی فوج کی بمباری مجرمانہ دہشت گردی ہے۔
عباس موسوی نے غزہ میں ایک فلسطینی مزاحمت کو شہید کرنے کے بعد اس کی لاش کی بے حرمتی کے واقعے کو بھی صہیونی ریاست کا شیطانی فعل قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی شہری کی شہادت کے بعد اس کی لاش کی بے حرمتی اسرائیلی فوج کا غیر انسانی فعل اور نہتے فلسطینیوں کے خلاف کھلم کھلم دہشت گردی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ صہیونی فوج ایک وحشی اور درندہ صفت فوج ہے جس کے ہاں انسانیت اور انسانی اصول واقدار نام کی کوئی چیز نہیں۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے صہیونی ریاست کے جنگی مجرموں کا تعاقب کرنے اور فلسطینیوں کے خلاف جنگی جرائم کے ارتکاب پر اسرائیل کو عالمی سطح پر کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا۔ عباس موسوی کا کہنا ہے کہ اسرائیل نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ پوری دنیا میں برائی کی جڑ ہے۔
انہوں نے اسرائیلی ریاست کے منظم اور وحشیانہ جرائم کے خلاف فلسطینی قوم کی صفوں اور عالم اسلام کی طرف سے ایک متفقہ موقف اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔