اسرائیلی وزیر دفاع نفتالی بنیٹ نے کل اتوار کے روز غزہ کی پٹی کی سرحد پر وحشیانہ طریقے سے ایک فلسطینی کی شہادت اور 4 کے زخمی کیے جانے کے واقعے کی حمایت اور اس میں ملوث صہیونی جنگی مجرموں کی تحسین کی ہے۔
خیال رہے کہ قابض صہیونی فوج نے گذشتہ روز جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں سرحد کے قریب وحشیانہ فائرنگ کر کے ایک فلسطینی نوجوان کو شہید اور چار کو زخمی کر دیا تھا۔
فلسطینی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں شہید فلسطینی کی شناخت محمد الناعم کے نام سے کی گئی ہے۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں اسرائیلی فوج کو ایک بلڈوزر کے ذریعے شہید فلسطینی کے جسد خاکی کی بے حرمتی کرتے دیکھا گیا ہے۔
اسرائیلی وزیر دفاع بینیٹ نے کہا کہ میں دائیں بازو کے لوگوں کی وحشیانہ تنقید سن کر تھک گیا ہوں۔ اسرائیلیوں کےقتل کی کوشش کرنے والے فلسطینی کو قتل کرکے اس کی لاش کو بلڈوزر کے ذریعے گھیسٹنے پر ہمیں جو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اس کا کوئی جواز نہیں۔
انہوں نے ناقدین سے کہا کہ ‘ آپ انسان نہیں۔ حماس نے ہمارے سپاہیوں ارون شائول اور ھدار گولڈین کی لاشیں قبضے میں لے رکھی ہیں۔ میں ان فوجیوں کی حمایت کرتا ہوں جنہوں نے فلسطینی کو قتل کر کے اس کی لاش بلڈوزر کے ذریعے گھسیٹی۔ ہمیں ان فلسطینیوں کے ساتھ ایسا ہی کرنا چاہیے بلکہ ہم اس سے کہیں آگے جانے کو تیار ہیں’۔
اسرائیلی وزیر دفاع نے جارحانہ اور جنگی مجرموں کا سا اسلوب اختیار کرتے ہوئے کہا کہ میں فلسطینی شہری کی لاش گھیسٹنے کے واقعے پر اپنے فوجیوں کے ساتھ کھڑا ہوں۔