اسلامی جہاد نے اسرائیلی فوج کی طرف سے گذشتہ شب شام کے دارالحکومت دمشق میں کی گئی بمباری کے دوران جماعت کے دو کارکنوں کی شہادت کی تصدیق کی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسلامی جہاد کی طرف سے سوموار کی صبح جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب قابض اسرائیلی فوج نے شام کے دارالحکومت دمشق میں جماعت کے عسکری ونگ القدس بریگیڈ کے مراکز پر وحشیانہ بمباری کی جس کے نتیجے میں دو کمانڈر 24 سالہ سلیم احمد سلیم اور 23 سالہ زیاد احمد منصور شہید ہوگئے۔
اسلامی جہاد نے اسرائیلی فوج کی بمباری کو وحشیانہ اور بزدلانہ حملہ قرار دیا اور کہا کہ جماعت اپنے شہداء کے خون کو رائے گاں نہیں جانے دے گی بلکہ القدس بریگیڈ کے جانثار صہیونی دشمن کو اس کی سفاکیت کا سبق سکھائیں گے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں اسلامی جہاد کے ایک کمانڈر کو شہید کرنے کے بعد اس کی لاش کی بے حرمتی کی تھی جس پر فلسطینی عوام کی طرف سے شدید رد عمل اور غم وغصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔