فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی کی سرحد پر گذشتہ ہفتے ہونے والے پرتشدد واقعات میں ایک فلسطینی شہید اور 7 صہیونی زخمی ہوئے۔ گذشتہ ہفتے فلسطینیوں اور قابض فوج کے درمیان 100 مقامات پر تصادم ہوا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قابض صہیونی فوج کی طرف سے فلسطینی شہریوں کی طرف سےنکالی گئی ریلیوں پر براہ راست فائرنگ، دھاتی گولیوں اور آنسوگیس کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوئے۔
جواب میں فلسطینی شہریوں کی طرف سےسنگ باری اور پٹرول بموں سے قابض فوج پر حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں 7 اسرائیلی فوجی اور آباد کار زخمی ہوئے۔
گذشتہ جمعہ کو اسرائیلی فوج کی رام اللہ میں فلسطینی ریلی پر فائرنگ اور آنسوگیس کی شیلنگ سے 8 فلسطینی زخمی ہوگئے۔ اس روز فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان 20مقامات پر تصادم ہوا۔
جمعرات کو اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے دو فلسطینی زخمی ہوئے جب کہ 7 مقامات پر تصادم ہوا۔
بدھ کو اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے غرب اردن کے خان یونس شہر میں ایک فلسطینی زخمی ہوا اور اس روز 9 مقامات پر تصادم ہوا۔
منگل کو غرب اردن میں عزون کے مقام پر ایک یہودی آباد کار فلسطینیوں کی سنگ باری میں زخمی ہوا۔ منگل کے روز اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں کے درمیان 15 مقامات پر تصادم ہوا۔
سوموار کو اسرائیلی فوج نے بیتونیا کے مقام پر ایک فلسطینی شہری 51 سالہ فخر محمود ابو زاید قرط کو گولیاں مار کر شہید کردیا۔
اسی روز اسرائیلی فوج نے الخلیل شہر سے ایک چاقو بردار فلسطینی کوگرفتار کرنے کا دعویٰ کیا جب کہ اس دن مجموعی طورپر قابض فوج اور فلسطینیوں کے درمیان 13 مقامات پر تصادم ہوا۔ ہفتے کے روز متعدد فلسطینی اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہوئے جب کہ 16 مقامات پر تصادم ہوا۔