فلسطینی وزارت صحت کی طرف سے ایک انتباہی بیان میں کہا ہے کہ حال ہی میں جنوبی کوریا کے ایک وفد کے فلسطینی اراضی کے دورے کے بعد کرونا وائرس کے پھیلنے کا خطرہ ہے، کیونکہ معلوم ہوا ہے کہ فلسطین کا دورہ کرنے والے وفد میں بعض افراد کرونا سے متاثر تھے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق جنوبی کوریائی وفد اب واپس جا چکا ہے مگر فلسطینی حکام نے خبردار کیا ہے کہ ان کے دورے کے نتیجے میں کرونا وائرس پھیل سکتا ہے۔
وزارت صحت کی طرف سےجاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی کوریا کا ایکو فد 8 سے15 فروری کے وران مقبوضہ بیت المقدس، نابلس، اریحا، بیت لحم اور الخلیل کے دورے پرآیا۔ ان کی وطن واپسی کے بعد معلوم ہوا ہے کہ وفد کے بعض ارکان کرونا کا شکار ہوچکے تھے۔
وزارت صحت کی طرف سے کہا گیا ہے کہ وہ تمام افراد جنہوں نے کوریائی وفد کے قریب 15 منٹ گذارے یا ان کے ساتھ مصافحہ کیا وہ کم سے کم 14 دن کے لیے اسپتالوں میں داخل ہوجائیں۔ اس دوران وہ اپنے اہل خانہ یا کسی دوسرے افراد کے ساتھ ہاتھ ملانے یا ان کے قریب رہنے سے سختی سے گریز کریں۔
بیان میں شہریوں سے کہا گیا ہے کہ کرونا سے متاثر ہونے کے شبے کی صورت میں فوری طورپر قریبی طبی مرکز سے رجوع کریں۔