چهارشنبه 30/آوریل/2025

غزہ کےعوام کے لیے امداد دینے پر حماس کا قطرسے اظہار تشکر

اتوار 23-فروری-2020

اسلامی تحریک مزاحمت’حماس’ نے غزہ کی پٹی کے عوام کے لیے 12 ملین  ڈالر کی رقم کی امداد فراہم کرنے پر قطری حکومت اور امیر قطر کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے شعبہ اطلاعات کے سربراہ خلیل الحیہ نے ایک بیان میں کہا کہ قطر کی طرف سے غزہ کے محصورین کے لیے مالی امداد حماس اور قطر کے درمیان تعلقات کی گہرائی کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حماس اور فلسطینی قوم غزہ کی پٹی کے عوام کے لیے بھرپور مالی مدد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ قطر کی طرف سے فرہام کردہ مالی امداد سے غزہ کی پٹی کے محصورین کی مشکلات کم کرنے میں مدد ملے گی۔

حماس رہ نما نے امیرقطر الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی اور قطری قیادت کی طرف سے غزہ کی پٹی کی مالی امداد پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

خلیل الحیہ کا کہنا تھا کہ حماس اور قطر کے باہمی تعلقات پہلے کی طرح مضبوط ہیں۔ قطر کی طرف سے غزہ کے عوام کے لیے دی جانے والی امداد اس بات کا ثبوت ہےکہ حماس اور قطر کے درمیان تعلقات بہت زیادہ گہرے ہیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز قطر کی طرف سے غزہ کی پٹی کےعوام کے لیے 12 ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس امداد سے غزہ کی پٹی کے ایک لاکھ 20 ہزار شہریوں میں نقد رقم کی تقسیم، 500 فلسطینی نوجوانوں کی شادی کے لیے امداد اور سیکڑوں فلسطینیوں کو مکانات کی تعمیر میں مدد کی فراہمی شامل ہے۔

مختصر لنک:

کاپی