چهارشنبه 30/آوریل/2025

کرونا وائرس نے 2345 جانیں لے لیں،ایشیا، یورپ اور مشرق وسطیٰ متاثر

ہفتہ 22-فروری-2020

چینی حکام نے بتایا ہے کہ ملک میں نئے کرونا وائرس کی وجہ سے ہونے والی تصدیق شدہ اموات کی تعداد 2345 ہوگئی ہے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبہ ھوبی میں اس مہلک وائرس کے نتیجے میں مزید درجنوں افراد جان کی بازی ہار گئے۔ چین میں پھوٹنے والی اس وباء کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتیں سارس وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں سے تجاوز کرگئی ہیں۔

صوبہ ہوبی کے ہیلتھ کمیشن کے ذریعہ شائع ہونے والے تفصیلات سے ظاہر ہوا ہے کہ وبا پھیلنے مزید میں تیزی آئی ہے۔ پچھلے 24 گھنٹوں میں سیکڑوں نئے کرونا متاثرین کی نشاندہی کی گئی ہے جس کے بعد اس مہلک وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 76 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ گذشتہ روز مزید 109 افراد کرونا کی بھینٹ چڑھ گئے۔

خیال کیا جاتا ہے کہ یہ کرونا وائرس پہلی بار چین کے صوبہ ھوبی کے ووہان شہرکی ایک مارکیٹ میں ظاہر ہوا  جہاں جنگلی جانور فروخت ہوتے ہیں۔ اب یہ وائرس دنیا کے کئی براعظموں میں پھیل چکا ہے۔ ایشیا، یورپ اور مشرق وسطیٰ میں کرونا کے کیسز سامنے آئے ہیں۔ جنوبی کوریا میں 346 کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ دو افراد ہلاک ہوگئے۔

اس کے علاوہ اٹلی، یوکرائن، جاپان، ایران، لبنان، متحدہ عرب امارات، مصر اور اسرائیل میں کرونا کےکیسز سامنے آچکے ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی