ایرانی حکام نے کل بدھ کے روز بتایا ہے کہ مملکت میں کرونا وائرس پہنچ گیا ہے اور ایک شخص کے اس وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
خبر رساں ادارے ‘ایسنا’ کے مطابق ایران کے قم شہر میں کرونا سے متاثرہ مریض کی تشخیص کی گئی ہے۔
ایرانی میڈیکل عملے کا کہنا تھا کہ بعض دوسرے لوگوں میں بھی کرونا وائرس کی موجودگی کا شبہ ہے۔
وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ گذشتہ دو روز کے دوران متعدد ایسے مریض دیکھے گئے ہیں جن میں کرونا کے شکار ہونے کا شبہ ہے۔
خیال رہے کہ چین میں گذشتہ برس دسمبر میں سامنے آنے والے کرونا وائرس کے نتیجے میں اب تک دو ہزارسے زاید افراد ہلاک اور 74 ہزار اس کا شکار ہونے کے بعد اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔