فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہرجنین میں قباطیہ کے مقام پر نکالی گئی ایک پرامن ریلی پر عباس ملیشیا کے کارندوں نے وحشیانہ تشدد کیا جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی مظاہرین زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے تین کو شدید چوٹیں آئی ہیں جس کے بعد انہیں انہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق بدھ کی صبح فلسطینی شہریوں نے جنین میں فلسطینی اتھارٹی کی اسرائیل دوستی کے خلاف ایک احتجاجی ریلی نکالی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن میں رام اللہ اتھارٹی کی اسرائیل کے ساتھ دوستانہ سرگرمیوں کی شدید الفاظ میں مذمت پرمبنی نعرے درج تھے۔ اس موقعے پر مظاہرین نے فلسطینی اتھارٹی کے عہدیداروں کی اسرائیلی حکام کے ساتھ ملاقاتیں اور اسرائیلیوں کی رام اللہ میں ضیافتوں کے خلاف نعرے بازی کی۔
عباس ملیشیا نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر وحشیانہ لاٹھی چارج اور آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے تین کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ عباس ملیشیا کے تشدد سے نصر فیصل خزیمیہ کی ٹانگ میں گولی لگی جب کہ ایک دوسرے فلسطینی کے پیٹ میں گولی لگی جس کے نتیجے میں دونوں شدید زخمی ہوگئے۔